اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کی تاریخ دے کر غیر آئینی حرکت کی ہے اور اس پر میں انہیں خط لکھوں گا۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ اجلاس کے بعد اراکین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 9 ماہ پہلے غیر آئینی حرکت کی تھی اور اب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کی تاریخ دے کر بھی مکمل طور پر غیر آئینی حرکت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر مملکت کو صوبوں کے الیکشن کی تاریخ دینے کا کوئی آئینی اختیار نہیں ہے اور میں اس غیر آئینی حرکت پر صدر کو خط لکھوں گا۔
دوسری جانب صدرمملکت کی دی گئی تاریخ پر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن مسلسل دوسرے روز کسی حتمی نتیجہ پر نہ پہنچ سکا، چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت ہونے والا مشاورتی اجلاس گزشتہ روز کی طرح بے نتیجہ رہا۔
الیکشن کمیشن نے اٹارنی جنرل شہزاد عطا الٰہی سے تحریری رائے دینے کی ہدایت کی اور آئینی و قانونی ماہرین شاہ خاور اور سجیل سواتی سے بھی الیکشن کمیشن نے تحریری رائے طلب کر لیا، اٹارنی جنرل، دونوں آئینی و قانونی ماہرین صدر کی طرف سے تاریخ مقررکرنے کے معاملہ پر اپنی رائے دیں گے۔