اسلام آباد: اسلا م آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیشی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے عمران خان کی اپیل کی سماعت کی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ عمران خان کو اتنی بار استثنیٰ مل چکا آپ میڈیکل چیک اپ کی درخواست دے دیتے۔ اگر آئندہ سماعت پر پیش نہیں ہونگے تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ عمران خان ایک سماعت پر حاضری سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں ۔ یہ معاملہ ایک نئی طرف چل پڑیگا میں کچھ کہنا نہیں چاہ رہا ۔کیا وزیرآباد واقعے پر کوئی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا؟ وہ ایک سماعت پر استثنیٰ چاہ رہے ہیں آپ انہیں 6ماہ کا دینا چاہتے ہیں ۔ اگر آپ حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کرینگے تو پھر میڈیکل بورڈ تشکیل دینا پڑیگا۔
جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے 9 بار حاضری سے استثنیٰ دیا آپ نے ایک بار بھی چیلنج نہیں کیا۔ عمران خان کا ایم ایل سی بھی تو وزیرآباد کا ہی ہو گا۔واقعہ وزیرآباد کا ہے تو میڈیکل کیلئے متعلقہ جگہ بھی تو وہی ہو گی۔واقعہ وزیرآباد کا ہے تو میڈیکل بورڈ بھی ادھر ہی بنا دیا جائے ۔اگر پراسیکیوشن کا میڈیکل رپورٹ پر اعتراض ہے تو میڈیکل بورڈ بنوا دیتے ہیں۔