لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات پورے نصاب کیساتھ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کا پریکٹیکل امتحانت بھی لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں پنجاب کے تمام بورڈز کے چیئرمین کو احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال میٹرک اور 12 ویں جماعت کے نصاب سے پریکٹیکل امتحان ہوں گے جس کے باعث کالجز اور سکولوں میں زیر تعلیم طلباءکو پورے نصاب کے مطابق امتحان کی تیاری کرنا ہو گی۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے موسم گرما کے دوران تعلیمی اداروں میں دی جانے والی چھٹیاں بھی 3 ماہ سے کم کر کے 2 ماہ کر دی ہیں اور محکمہ تعلیم نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی سال 23-2022ءکا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق رواں تعلیمی سال 31 مارچ کی بجائے 31 مئی کو ختم ہو گا اور نیا تعلیمی سال یکم اگست 2022 سے 31 مارچ 2023 تک ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رواں سال بچوں کو موسم گرما کی چھٹیاں صرف 2 ماہ کیلئے دی جائیں گی جو یکم جون 2022ءسے شروع ہوں گی اور 31 جولائی 2022ءکو ختم ہو جائیں گی۔