ماسکو :روس یوکرین تنازعہ جو اب جنگ کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے روس کو اس اقدام سے روکنے کیلئے جرمنی نے روس کیساتھ گیس پائپ لائن کا سب سے بڑا معاہدہ معطل کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی نے روس سے نارڈ اسٹریم 2 گیس پائپ لائن کا معاہدہ معطل کر دیا ، جرمن چانسلر اولاف شولز کا کہنا ہے کہ ،جر منی نے روس سے پائپ لائن کی تصدیق کے لیے درکار اہم دستاویز کو واپس لینے کا حکم دیا ہے۔
جرمنی کی طرف سے یہ فیصلہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے مشرقی یوکرین میں فوج بھیجنے کے بعد سامنے آیا ہے،جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے تازہ ترین پیش رفت کی روشنی میں پائپ لائن کے سرٹیفیکیشن کا جائزہ دوبارہ لیا جائے گا ۔
واضح رہے عمران خان دو روزہ دورے پر ماسکو روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ روس کیساتھ گیس پائپ لائن سمیت اہم منصوبوںپر بھی بات چیت کرینگے ،روس روانگی سے قبل روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم امریکہ کے اتحادی تھے جس سے نقصان اٹھانا پڑا، آئندہ کسی گروپ کا حصہ نہیں بننا چاہتے ۔
روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کےساتھ بہترین تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے، دورہ روس اہمیت کا حامل ہو گا، سب جانتے ہیں کہ روس اور یوکرین تنازعہ شدت اختیار کرگیا تو اس کے نتائج کیا ہوں گے، روس اور یوکرین معاملات کے پرامن طریقے سے حل کے خواہاں ہیں، سمجھتا ہوں کہ کسی بھی تنازعہ کو جنگ سے حل کرنا بڑی بے وقوفی ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نارتھ ساؤتھ پائپ لائن منصوبہ رکنے کی ایک وجہ روسی کمپنی پر امریکی پابندی بھی تھی جب کہ ایران پر پابندیوں کی وجہ سے گیس پائپ لائن منصوبہ مسائل میں رہا، ہمیں گیس کی کمی کا سامنا ہے، چاہتے ہیں ایران پر پابندیاں ختم ہوں۔