لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے پلے آف مرحلے کے آغاز سے قبل پشاور زلمی کی ٹیم کو عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس نے اپنے شکنجے میں لے لیا ہے اور تین سے زائد اراکین کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے تین سے زیادہ ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جن میں کرکٹرز اور کوچنگ سٹاف کے افراد بھی شامل ہیں اور یہ تمام افراد پلے آف مرحلے میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کی معمول کی پی سی آر ٹیسٹنگ کی گئی تو لیگ سپنر عثمان قادر، فاسٹ باؤلر سہیل خان، ٹیم مینٹور ہاشم آملہ اور غیر ملکی آل راؤنڈر بین کٹنگ کی رپورٹس مثبت آئیں۔
ذرائع کے مطابق ان کھلاڑیوں کے علاوہ سٹاف ارکان کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کویڈ پروٹوکولز کے تحت ان تمام افراد کو 7 روز تک قرنطینہ ختیار کر نا ہو گا۔
واضح رہے کہ 7 روز قرنطینہ اختیار کرنے کا مطلب ہے کہ یہ تمام افراد پلے آف مرحلے میں شریک نہیں ہو سکیں گے تاہم اگر پشاور زلمی کی ٹیم فائنل میں پہنچ جاتی ہے اور ان افراد کے قرنطینہ کی مدت پوری ہونے پر ٹیسٹ رپورٹس منفی آ جاتی ہے تو پھر ان کی شرکت کے امکانات ہیں۔