لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا نے پشاور زلمی کے خلاف میچ کے دوران حارث رؤف کی جانب سے کامران غلام کو تھپڑ مارنے واقعے پر ردعمل دیا ہے۔
تفصیلات کے مطاق ثمین رانا نے اپنے پیغام میں کہا کہ قلندرز کا پورا سکواڈ ایک فیملی کی طرح ہے جبکہ حارث رؤف اور کامران غلام ایک دوسرے کے بہت گہرے دوست ہیں، حارث غصے میں اپنے دوست کو مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
ثمین رانا کا کہنا تھا کہ حارث رؤف نے مذاق میں کامران غلام کو کندھے پر مارنا چاہا تھا جسے زوردار تھپڑ قرار دیا جا رہا ہے، لوگوں کو حارث رؤف اور کامران غلام کی اس سے پہلے اور بعد کی ویڈیوز بھی دیکھنی چاہئیں اور پھر کوئی فیصلہ کرنا چاہئے۔
اس موقع پر انہوں نے لاہور قلندرز کی کارکردگی اور ملتان سلطانز کیخلاف کوالیفائر میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی اس وقت صرف اور صرف فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کا سوچ رہے ہیں اور اسی پر ساری توجہ مرکوز ہے۔
ثمین رانا نے کہا کہ راشد خان ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں اور ان کی کمی کوئی پوری نہیں کر سکتا، اب فل سالٹ اور ڈیوڈ ویزے سے رنز بنانے کی توقع ہے جبکہ محمد حفیظ بھی فارم میں آ چکے ہیں جو ٹیم کیلئے بہت اچھی بات ہے، لاہور قلندرز آئندہ بھی اچھی پرفارمنس دیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران حارث رؤف کی گیند پر کامران غلام کیچ نہیں پکڑ پائے تھے، اسی اوور میں حارث کی گیند پر فواد احمد نے کیچ پکڑا تو کامران غلام حارث سے خوشی سے ملنے آئے مگر حارث نے انہیں تھپڑ رسید کر دیا۔