پی ایس ایل میں آج آرام کا دن، کل سے پلے آف مرحلے کا آغاز

09:57 AM, 22 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کا ساتواں سیزن اپنے اختتام کے قریب پہنچ گیا، پلے آف مرحلے کا لائن اپ مکمل ہونے کے بعد آج پی ایس ایل میں آرام کا دن ہے جبکہ کل سے چار ٹیمیں پلے آف مرحلے میں  ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گی .

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کا آغاز کل ہو گا، پہلے کوالیفائیر میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا 23 فروری کو ٹاکرا ہوگا اور  فاتح ٹیم ڈائریکٹ فائنل میں رسائی حاصل کرے گی جبکہ ایلمینٹر ون میں 24 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔فائنل مقابلے کیلئے دوسری ٹیم کا فیصلہ 25 فروری کو ایلمینٹر ٹو  کے ذریعے ہو گا جس میں کوالیفائر میں ہارنے والی ٹیم اور   ایلمینٹر ون میں شکست کھانے والی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی اور فتح حاصل کرنیوالی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کر لے گی۔

 پی ایس ایل سیزن سات کا فائنل مقابلہ 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزپی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے فتح حاصل کرلی تھی ۔ میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ جواب میں شاہین شاہ آفریدی کی طوفانی اننگز کے باعث لاہور قلندرز نے بھی  20 اوورز میں 158 رنز جوڑ لیے جس کے باعث میچ برابر ہوگیا۔جس کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا .

سپر اوور میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے ایک اوور میں 5 رنز بنائے جو پشاور زلمی نے 2 گیندوں پر پورا کرلیا۔ تاہم میچ میں شکست کے باجود لاہور قلندرز کی ٹیم نے پلے آف کوالیفائر مرحلے میں رسائی حاصل کی جس میں ملتان سلطانز سے سامنا ہو گا اور جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچے گی۔

مزیدخبریں