گلف فوڈ پاک امارات تعلقات کو مزید فروغ دے گا : پاکستانی قونصل جنرل

گلف فوڈ پاک امارات تعلقات کو مزید فروغ دے گا : پاکستانی قونصل جنرل
کیپشن: گلف فوڈ پاک امارات تعلقات کو مزید فروغ دے گا : پاکستانی قونصل جنرل
سورس: فائل فوٹو

ابوظہبی :  دبئی میں پاکستان کے سینئر ترین سفارتکار کا کہنا ہے کہ گلف فوڈ 2021 کے انعقاد سے پاکستان کے متحدہ عرب امارات سے تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا – گلف فوڈ 2021 کا ایونٹ دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں شروع ہوا جس میں دنیا کے 85 ممالک سے 25 سو کے لگ بھگ کمپنیاں شریک ہیں جن میں پاکستان کی 60 کمپنیاں بھی شامل ہیں ۔ 


اس موقع پر دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان اور عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور دیگر ممالک کے خریداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں آنے کے گرانقدر مواقع میسر آئیں گے – انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی عالمی وباء کو اب تقریبا ایک سال ہوچلا ہے اور گلف فوڈ 2021 کا انعقاد عالمی تجارت کیلئے ایک اچھی خبر ہونے کے ساتھ خوراک کی صنعت کیلئے بالخصوص اہم پیشرفت ہے۔


 یہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کا واقعی قابل ستائش اقدام ہے جس سے ایک برس سے سست روی کا شکار عالمی معیشت کو فروغ اور حوصلہ افزائی میسر آئے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں پاکستان کی ساٹھ کمپمنیاں اپنی وسیع اشیاء کے ساتھ شامل ہوکر اپنی استعداد و صلاحیت کا اظہار کررہی ہیں ۔ کووڈ 19 کے حالات میں ایسا ایونٹ واقعی حوصلہ افزا ہے – انہوں نے پاکستان کے خوراکی شعبہ کے حوالے سے امارات کے ساتھ تجارتی تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایسی کمپنیوں کو عرب امارات کے ساتھ کاروبار بہت اچھی اور حوصلہ افزاء سطح پر جاری ہے ۔


 انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے عرب امارات کیلئے برآمدات میں فوڈ سیکٹر کا حصہ 20 فید ہے اور اس ایونٹ کا انعقاد اس تجارت کو مزید فروغ دے گا جبکہ دیگر ممالک کے خریداروں کو بھی پاکستانی مصںوعات لینے کے مواقع میسر آئیں گے – احمد امجد علی نے اس نمائش میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کرنے کے بعد وہاں مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا اور نمائش کرنے والوں سے ملاقات کی ۔


 نمائش کے شرکاء نے کووڈ 19 سے بچاؤ کیلئے وہاں کیئے جانے والے انتظامات اور اقدامات کی بھرپور تعریف کی اور بی ٹو بی میٹنگز کے انعقاد کو پاکستانی خوراکی برآمدات کے فروغ کی خاطر حوصلہ افزا قرار دیا۔