اسلام آباد: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے مجھے ٹکٹ دیا ہے، میں اسی کی ترجمانی کروں گا، بظاہر نظر آ رہا ہے سٹیبلشمنٹ مکمل طور پر نیوٹرل ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے نہ ملاقات ہوئی ہے نہ کوئی رابطہ ہوا ہے۔ وہ میرے عزیز ہیں، ان کو کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تمام اکابرین کے پاس فرداً فرداً جاؤں گا۔ مجھے پہلے بھی متفقہ وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کیلئے کوشش کرے گی۔ یوسف رضا گیلانی کا چیئرمین سینیٹ بننا ہم سب کیلئے اعزاز ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کے ہاتھ ملک کا قلمدان دے کر آپ ملک کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں۔ بجلی، گیس، چینی، آٹا، گھی سمیت سب چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں۔ عام آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی ڈھائی سال سے کرب سے گزر رہا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن لڑنے سے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ان کے مقابلے میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سینیٹ کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں۔