لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا کے وار جاری ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید سولہ شہری اس موذی مرض کے ہاتھوں موت کی وادی میں جا چکے ہیں جبکہ مزید ایک ہزاد ایک سو ساٹھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں 32 ہزار 313 لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے، ان میں سے 1160 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
اموات میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں عالمی وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 617 ہو گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا کے مجموعی کیسز کی تعداد پانچ لاکھ بہتر ہزار تین سو چونتیس ہو چکی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد چوبیس ہزار دو سو چھبیس ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے ہسپتالوں میں زیر علاج 1384 مریضوں نے اس موذی مرض کو شکست دی۔
اس وقت صوبہ سندھ میں وبائی مرض میں مبتلا مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ چھپن ہزار دو سو بیس جبکہ مرنے والوں تعداد چار ہزار دو سو بانوے ہو چکی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو صوبہ پنجاب میں اس وقت 1 لاکھ 78 ہزار 19، بلوچستان میں 18 ہزار 988، خیبر پختونخوا میں 71 ہزار 43، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 828، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 951 مریض سامنے آ چکے ہیں۔
صوبہ پنجاب میں 5 ہزار 208، بلوچستان میں 199، خیبر پختونخوا میں 2036، آزاد کشمیر میں 288، گلگت بلتستان میں 102 اور اسلام آباد میں اب تک 492 مریض موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔