ابوجا: نائیجیریا میں ایئر فورس کا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، طیارے میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثہ طیارے کا انجن فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ مینا کی طرف پرواز کرنے والا طیارہ ابوجا ایئر پورٹ واپس آتے ہوئے کریش ہوا۔
تفصیل کے مطابق افریقی ملک نائیجیریا میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ملکی ایئر فورس کا ایک چھوٹا طیارہ تباہ ہونے سے اس میں موجود 7 افراد کی ہلاکت ہو گئی ہے۔
بیچ کرافٹ کنگ ایئر بی 350 آئی نامی یہ طیارہ مینا سے دارالحکومت ابوجا آتے ہوئے انجن فیل ہو جانے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔
خیال رہے کہ مینا شہر دارالحکومت ابوجا سے تقریباً 110 کلومیٹر دوری پر واقع ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اور فائر بریگیڈز کی گاڑیاں موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا تاہم طیارے میں موجود تمام ساتوں افراد جل کر خاکستر ہو گئے۔ ابتدائی تفتیش میں کہا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ طیارے کا انجن فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا تاہم مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دیگر پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
نائیجریا میں ہوا بازی کے وزیر سریکا ہادی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ کیوں پیش آیا؟ ابھی کچھ اس بارے میں کہنا قبل از وقت ہے۔ ہم تمام پہلوؤں پر غور کرکے تفتیش کا عمل مکمل کرکے اسے عام کریں گے۔