تھرپارکر: این اے 221 ضمنی انتخاب، پیپلز پارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا

07:56 AM, 22 Feb, 2021

کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار امیر علی شاہ نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

حلقے کے مکمل 318 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبہ سندھ کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی کی جانب سے اس حلقے میں کھڑے کئے گئے امیدوار امیر علی شاہ نے 103502 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدین راہموں کو 50572 ووٹ پڑے۔

حلقہ این اے 221 میں گزشتہ روز پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی تعطل کے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ سیٹ پیپلز پارٹی کے سابق رکن پیر نورمحمد شاہ جیلانی کی وفات کی وجہ سے خالی پڑی تھی۔

اس دوران کچھ گڑبڑ بھی دیکھنے میں آئی جب ایک پولنگ سٹیشن میں آگ لگ گئی اور وہاں موجود انتخابی مواد جل کر خاکستر ہو گیا۔

تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدین راہموں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کیلئے گڑبڑ کی تاہم ابتدائی تفتیش کے بعد اس واقعے کو حادثہ قرار دیدیا گیا۔

حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں سمیت 12 امیدوار مدمقابل تھے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق حلقہ این اے 221 میں ووٹروں کی کل تعداد 2 لاکھ اکیاسی ہزار نو سو تھی۔

حلقے میں 130 پولنگ سٹیشنز کو حساس جبکہ 95 کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے امن و عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

مزیدخبریں