شارجہ : پی ایس ایل فور میں کھیلے گئے میچ کے دوران لاہور قلندر زنے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے دوران چھ وکٹوں سے شکست دے دی ، ڈیوڈ ویس نے میچ کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ملتان سلطانز سے فتح چھین لی،ایونٹ کا واحد میچ ہے جس میں کسی ٹیم نے دو سو رنز سے زائد سکور کا ہدف حاصل کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کے شارجہ میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کے دوران لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ، ملتان سلطانز نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا ئے ۔
اوپننگ بلے باز عمر صدیق نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی ۔وینس نے چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 84 سکور کیے ۔کرسچین نے دس گیندوں پر اکیس سکور کیے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی ، حارث رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ، لامیچانے نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ، لاہور قلندر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مطلوبہ ہدف بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔
اوپننگ بلے بازوں فخر زمان نے 35 گیندوں پر 63 رنزکی اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔اے بی ڈویلیز نے 29 گیندوں پر 52 سکور کیے جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
ویس نے نہ صرف پانچ چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 45 سکور کیے ، ویس کی اننگز کی اہم بات میچ کے سنسنی خیز لمحے کے موقع پر آخری گیند کے اوپر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔