سعودی عرب ،ری انٹری ویزے پر غیر ملکی کے اہل خانہ کا فائنل ایگزٹ نہیں لگ سکتا

01:09 PM, 22 Feb, 2019

جدہ: محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن " جوازات " کا کہنا ہے کہ ایگزٹ ری انٹری ویزے پر گئے ہوئے غیر ملکیوں کے اہل خانہ کا فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا۔ سربراہ خانہ کا فائنل ایگزٹ ( خروج نہائی ) اسپانسر کی جانب سے لگائے جانے کی صورت میں اہل خانہ جو کہ ری انٹری ویزے پر مملکت سے باہر ہوں انکا خروج و عودہ فائنل ایگزٹ میں خود کار طریقے سے تبدیل ہو جاتا ہے۔

جوازات کی جانب سے ایگزٹ ری انٹری ) خروج و عودہ ) کو فائنل ایگزٹ ویزے ( خروج نہائی ) میں تبدیل کرنے کے بارے میں استفسار پر وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ سوشل میڈیا اوردیگر غیر مصدقہ ذرائع کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکی کارکن اپنے ان اہل خانہ کے ایگزٹ ری انٹری ویزے کو فائنل ایگزٹ میں تبدیل کر سکتے ہیں جبکہ ویزے کی میعاد باقی ہو۔

اس حوالے سے جوازات کے شعبہ معلومات عامہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ باتو ں پر توجہ نہ دی جائے۔ خروج نہائی ویزے کیلئے اس شخص کا مملکت میں ہونا لازمی ہے خواہ وہ تابعین ہی کیوں نہ ہوں۔ ایسے تابعین یا مرافقین جو خروج و عودہ پر مملکت سے باہر ہوں اور انکے ویزے کی مقررہ مدت گزر چکی ہوانکے سرپرست کو چاہئے کہ وہ مقررہ مدت کے بعد جوازات کے سسٹم " ابشر " کے ذریعے اپنے اہل خانہ کے خروج وعودہ کو کینسل کریں بصورت دیگر جوازات کا سسٹم خود کار طریقے سے ان افراد کو " خرج ولم یعد" ( گئے مگر لوٹ کر نہیں آئے ) کی کیٹگری میں شفٹ کردے گا جس سے ان لوگوں پر مملکت میں آئندہ 3 برس کیلئے پابندی عائد کر دی جائے گی وہ کسی بھی ویزے پر مملکت نہیں آسکتے۔

اگر غیر ملکی کارکن کے ادارے کی جانب سے اس کا فائنل ایگزٹ لگا دیا جاتا ہے تو اس صورت میں اس کے اہل خانہ اگر مملکت سے باہر بھی ہوں تو انکا بھی فائنل ایگزٹ خود کار طریقے سے لگ جائے گا۔

مزیدخبریں