'بدقسمتی سے تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا ایک غدار کے طور پر سامنے آ رہا ہے'

12:15 PM, 22 Feb, 2019

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں نواز شریف کا بیان پاکستان مخالف انداز میں چلایا گیا یہ بدقسمتی ہے جو تین مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم بنا وہ بھارت میں ایک غدار کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مراد سعید نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبے کی سخت مخالفت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عجیب تماشا ہے کہا جاتا ہے اسمبلی تب چلےگی جب شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے۔ کہا جاتا ہے شہبازشریف کوچیئرمین پی اے سی بنا دیا جائے۔ ایک طرف بھارت پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے، یہاں سے پیغام جانا چاہیے تھا کہ بھارت نےجنگ چھیڑی تو اختتام ہم کریں گے۔

مراد سعید نے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے مطالبے پر کہا کہ اگر ایک بندے نے کرپشن کی یا نہیں کی وہ عدالتوں میں جائے اپنا مقدمہ لڑے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ شرم کی بات ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں نوازشریف کا بیان پاکستان مخالف انداز میں چلایا گیا اور بھارت نے نوازشریف کے بیان کا حوالہ دیا۔ بدقسمتی ہے جو تین مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم بنا وہ بھارت میں ایک غدار کے طور پر سامنے آ رہا ہے اس سے زیادہ بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے بطور پیٹرولیم کے وزیر 150 ارب روپے کا خسارہ کیا، رینٹل پاور پروجیکٹ والے بھی اسمبلی میں بیٹھے ہیں۔

مزیدخبریں