توقع ہے عالمی عدالت سے کلھبوشن کیس کا مثبت فیصلہ آئے گا، ڈاکٹر فیصل

توقع ہے عالمی عدالت سے کلھبوشن کیس کا مثبت فیصلہ آئے گا، ڈاکٹر فیصل
کیپشن: پاکستان نے اپنی گزارشات عالمی عدالت میں مکمل کر لی ہیں، ڈاکٹر فیصل۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے توقع ہے کہ عالمی عدالت انصاف سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کا مثبت فیصلہ آئے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہو گئی۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ پاکستان نے اپنی گزارشات عالمی عدالت میں مکمل کر لی ہیں اور عالمی عدالت انصاف نے ہمارے مؤقف کو تحمل سے سنا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع اور امید ہے بھارتی جاسوس سے متعلق کیس پر عالمی عدالت سے مثبت فیصلہ آئے گا اور عالمی عدالت کے فیصلے سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے جاسوس کی جانب سے بلوچستان اور سندھ میں کی گئی کارروائیوں میں متاثر ہونے والے خاندانوں کو انصاف ملے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ وکیل خاور قریشی نے جامع طور پر کیس بیان کیا اور حقائق کو سامنے رکھا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک پاسپورٹ کی بات کا کوئی جواب نہیں دیا نہ کوئی ثبوت پیش کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اٹارنی جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز اور بھارتی مظالم کا بھی ذکر کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کی روک تھام چاہتے ہیں اور ہم بھارت سے پُر امن ہمسائیگی چاہتے ہیں۔