نیویارک: دنیا بھر میں سیلفی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر ایپل نے پنے نئے آئی فون میں تھری ڈی فرنٹ کیمرے کا عندیہ دے دیا۔ آئی فون کی سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ایپل کا نیا آئی فون سیون ایس یا ایٹ ایسے جدید ترین فرنٹ کیمرے سے لیس ہوگا جو کہ تھری ڈی سیلیفی لے سکے گا۔
یہ ایسی ٹیکنالوجی ہے جو فی الحال کسی اسمارٹ فون میں نظر نہیں آتی۔ اس مقصد کے لیے ایپل کی جانب سے روایتی کیمرہ سنسر میں تبدیلیاں کی جائیں گی اور ایک انفراریڈ پراجیکٹر اور ریسیور رکھا جائے گا۔ یہ تینوں چیزیں آئی فون کے فرنٹ کیمرے کو منظر کی تفصیلی معلومات کھینچنے میں مدد دے گا۔ اسی طرح یہ کیمرہ آئی فون کو ان لاک کرنے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا اور کسی کے لیے اس ڈیوائس کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق یہ نیا سنسر گیمنگ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا تاہم ایسا کیسے ہوگا اس بارے میں وضاحت سامنے نہیں آسکی۔