آذربائیجان حکومت نے ہزاروں پاکستانیوں کو ملازمتیں دینے پر آمادگی ظاہر کر دی

10:09 AM, 22 Feb, 2017

اسلام آباد: سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانیوں کے بے روز گار ہونے کے بعد تیزی سے ترقی کرتے اور توانائی سے مالامال وسطی ایشیائی ملک آذربائیجان نے ہزاروں پاکستانیوں کو اپنے ہاں نوکریاں دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خام تیل کی قیمت میں کمی کے باعث مالی مشکلات میں پھنسے سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانیوں کے بیروزگار ہو جانے کے بعد پاکستان نے وسطی ایشیائی لیبر مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلئےاہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ آذربائیجان وہ پہلا ملک ہو گا جو پاکستان سے افرادی قوت منگوائے گا۔ اس سلسلے میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن (ای سی او) کی یکم مارچ کو شیڈول میٹنگ میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کی برآمد کیلئے معاہدہ متوقع ہے۔

پاکستانی افرادی قوت کے حصول کیلئے آذربائیجان کی وزارت محنت اور سماجی تحفظ کی جانب سے اوورسیز پاکستانی اور ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ ڈویژن کو افرادی قوت،روزگار اور سماجی تحفظ کے شعبے میں تعاون سے متعلق معاہدہ کا مسودہ بھی مل چکا ہے۔جبکہ پاکستان کے غیر ملکی اور اقتصادی امور سے متعلق ڈویژن نے اس مسودے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے جبکہ قانون و انصاف ڈویژن بھی اس کاجائزہ مکمل کر چکا ہے۔ آذر بائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان گیس اور تیل کی تجارت اور پاکستان میں ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر سے متعلق بھی ایک معاہدہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت مشرق وسطیٰ کے ممالک جیسا کہ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور سعودی عرب پاکستان کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے تیل اور گیس فراہم کرنے والے سب سے بڑے ممالک ہیں۔جبکہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب ترسیلات زر کا بھی بہت بڑا ذریعہ ہیں کیونکہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ان ممالک میں کام کر رہی ہے

مزیدخبریں