راولپنڈی :آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک میں امن کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔
آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی بہادری پر قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی جرات اور غیر متزلزل عزم ملک کی خودمختاری کی بنیاد ہے، اور سہولت کار، تخریب کار اور فنانسرز کو ریاست مخالف سرگرمیوں کی قیمت چکانی پڑے گی۔