تھائی لینڈ کا دریائی گھوڑا 'مو ڈینگ' نیویارک ٹائمز کی موسٹ اسٹائلش فہرست میں شامل

تھائی لینڈ کا دریائی گھوڑا 'مو ڈینگ' نیویارک ٹائمز کی موسٹ اسٹائلش فہرست میں شامل

 نیویارک :دنیا بھر کے اسٹائلش ترین افراد کی فہرست میں حیرت انگیز طور پر تھائی لینڈ کے ایک وائرل مادہ دریائی گھوڑے کو بھی جگہ ملی ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اپنی 2024 کی موسٹ اسٹائلش پیپل کی فہرست میں 5 ماہ کی 'مو ڈینگ' کو شامل کیا ہے، جو تھائی لینڈ کے ایک چڑیا گھر میں رہائش پذیر ہے۔

'مو ڈینگ' کی شہرت کا آغاز ٹک ٹاک پر اس کی 24 گھنٹے کی لائیو اسٹریم سے ہوا، جس نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ امریکا میں بھی یہ دریائی گھوڑا کافی مقبول ہے اور مختلف ٹی وی شوز میں اسے پیش کیا گیا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی فہرست میں معروف شخصیات جیسے گوینتھ پیلٹرو اور بیونسے کو شامل کیا، مگر مو ڈینگ جیسی شاندار انتخاب نے سب کو حیران کر دیا۔ امریکی اخبار نے لکھا کہ مو ڈینگ نے اپنی معصومیت اور خوش مزاجی سے دنیا بھر میں لوگوں کے دل جیت لیے ہیں اور اسے خوشی اور بے ساختگی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مو ڈینگ کے ساتھ ساتھ فرانس کے دریائے سین اور نیویارک کے مسکوٹ 'ایلی دی ایلیفنٹ' کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے دسمبر کے آغاز میں یہ فہرست جاری کی، جس کے چند انتخاب نہایت منفرد اور چونکا دینے والے تھے۔