نیویارک :پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے مداحوں کے ساتھ ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ نیویارک میں منعقدہ ’میٹ اینڈ گریٹ‘ ایونٹ کے لیے صرف 7 منٹ میں تیار ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔
ہانیہ عامر، جنہوں نے کم عمری میں شوبز میں قدم رکھا اور فلم 'جانان' سے اپنے کریئر کا آغاز کیا، ڈراما 'میرے ہمسفر' سے شہرت کی بلندیوں کو چھوئیں۔ رواں سال ان کا ڈراما 'کبھی میں کبھی تم' انہیں عالمی شہرت یافتہ اداکاراؤں کی صف میں لے آیا ہے۔
ہانیہ اپنی اداکاری کے علاوہ سوشل میڈیا پر اپنی متحرک موجودگی اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔ ان کی 'گیٹ ریڈی ود می' ویڈیوز مداحوں میں خاصی مقبول ہیں، جن میں وہ میک اپ اور ہیئر اسٹائل کرتے ہوئے ہلکے پھلکے انداز میں باتیں کرتی ہیں، جو دیکھنے والوں کو بار بار دیکھنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔
اس حالیہ ویڈیو میں ہانیہ کی تیزی اور مہارت نے مداحوں کو بہت متاثر کیا، اور ان کی شخصیت اور انداز نے ایک بار پھر دل جیت لیے۔