سردار ایاز صادق کا وزیراعظم کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کے اقدام کا خیرمقدم

02:38 PM, 22 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

سپیکر نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت دی ہے، جو کل پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر چیمبر میں دن 11 بجے ہوگی۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا یہ اقدام خوش آئند ہے، کیونکہ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے اپنے چیمبر میں ملاقات کریں گے اور نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت دی ہے۔ سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ بات چیت اور مکالمے کے ذریعے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔

واضح  رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے اپنی جماعت کو سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

مزیدخبریں