مریم نواز کا پاراچنار کی عوام کے لیے امداد فراہم کرنے کا وعدہ پورا

مریم نواز کا پاراچنار کی عوام کے لیے امداد فراہم کرنے کا وعدہ پورا

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاراچنار کے عوام کو ضروری ادویات کی فراہمی کا وعدہ پورا کرتے ہوئے 41 آئٹمز کی دوسری کھیپ روانہ کر دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید 5 ٹرک کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کا حکم بھی دیا۔

مریم نواز نے 19 دسمبر کو کابینہ اجلاس میں پاراچنار کے عوام کی درخواست پر ادویات اور دیگر ضروری سامان بھیجنے کی ہدایت کی تھی، جس پر صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اس عمل کی نگرانی کی۔ اب تک انسولین، کتے کے کاٹنے کی ویکسین اور جان بچانے والی دیگر ادویات سمیت 12 کاٹن پاراچنار پہنچ چکے ہیں۔ مزید ادویات کی ترسیل کا عمل جاری ہے، جس میں 24 ضروری آئٹمز شامل ہیں۔

مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے پاراچنار کی ایک 60 سالہ مریضہ کو فوری آپریشن کے لیے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ مریضہ کے بیٹے ذیشان حیدر نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کرم کے عوام مشکل میں ہیں اور یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ خدمت کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو مزید مریضوں کو ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ قائد نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر پاراچنار کے عوام کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور ان کی امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ایئر ایمبولینس سروس کا مقصد بروقت امداد فراہم کرنا ہے اور مصیبت زدہ افراد کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔

مصنف کے بارے میں