لاہور : چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھارت کے میچز کے لیے دبئی کو نیوٹرل وینیو کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے گزشتہ رات گھوٹکی میں یو اے ای کرکٹ بورڈ کے سربراہ شیخ نہیان مبارک سے ملاقات کی، جس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔
اس ملاقات کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کا معاملہ طے پایا۔ اس کے علاوہ، آئی سی سی نے پاکستان کو 4.5 ملین ڈالر اضافی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بھارت کے میچز کی میزبانی کے اخراجات کو پورا کیا جا سکے۔
چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول بھی منظر عام پر آیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔ افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر ہو گا۔ ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی، اور سیمی فائنل 3 اور 4 مارچ کو ہوں گے۔