لاہور : حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے دعوے بے اثر ہو گئے ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہیں آ سکی۔ لاہور میں ٹماٹر کے سرکاری نرخ میں 10 روپے کا اضافہ ہو کر 190 روپے فی کلو ہو گئے ہیں، جبکہ مارکیٹ میں ٹماٹر 220 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح آلو کی قیمت 85 روپے کے بجائے 100 روپے، لہسن 575 روپے کے بجائے 700 روپے، اور ادرک 350 روپے کے بجائے 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ بند گوبھی 60 روپے، اور پھول گوبھی 80 روپے فی کلو کی قیمت پر بیچی جا رہی ہے۔ موسمی سبزیوں میں شلجم 50، مولی 40 اور گاجر 70 روپے فی کلو کی قیمت پر دستیاب ہیں۔
برائلر گوشت کی قیمت میں 7 روپے فی کلو کمی آئی ہے اور اب برائلر گوشت کی قیمت 468 روپے فی کلو ہے، جبکہ فارمی انڈے 1 روپے اضافے سے 325 روپے فی درجن تک پہنچ گئے ہیں۔ پشاور میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہیں آ سکی۔ غلہ منڈی میں دال چنا 400 روپے، دال ماش 500 روپے، اور دال مونگ 340 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح چنا 370 روپے، سیلہ چاول 320 روپے، گرم مصالحہ 1400 روپے فی کلو، چینی 132 روپے، گھی 480 روپے، اور لوبیا 400 روپے فی کلو کے حساب سے بیچا جا رہا ہے۔