گوجرانوالہ : فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں محمد اسلم اور سعید احمد شامل ہیں۔ محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے اور انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق، ملزم محمد اسلم نے متاثرین سے یورپ بھجوانے کے نام پر مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے۔ اس نے اپنے گینگ کے دیگر افراد کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا بھیجا، پھر انہیں کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھیجنے کی کوشش کی۔ تاہم، کشتی حادثے میں یہ افراد لاپتہ ہوگئے۔ حکام نے کہا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں گجرات سے ایک اور انسانی سمگلر کو گرفتار کیا گیا، جو جعلی سفری دستاویزات بنواتا تھا اور ان کے ذریعے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے مطابق ملزمان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یونان کشتی حادثے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔