اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نےپی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحاد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔
شہباز شریف نے اس کمیٹی کی تشکیل سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر کی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مذاکرات میں ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان ہے تو ہم سب ہیں" اور سپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہا۔ دوسری جانب، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی اور پی ٹی آئی نے حکومت سے سنجیدہ مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے درمیان مذاکرات کے بارے میں بات چیت کافی دنوں سے جاری تھی، لیکن باضابطہ مذاکرات کا آغاز اب تک نہیں ہو سکا تھا۔ اس سے قبل عمران خان نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کیا تھا، اور حکومت کی جانب سے مذاکرات کی سنجیدہ کوشش نہ ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی نے آج سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔