میکسیکو :میکسیکو کے نامور اور ہر دلعزیز ریسلر ری میسٹیریو سینئر 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم ریسلر رے میسٹیریو جونیئر کے چچا اور ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار ڈومینک مسٹیریو کے بڑے چچا تھے۔
تفصیلات کے مطابق، خاندان کی جانب سے ان کی موت کی وجوہات ظاہر نہیں کی گئیں۔ تاہم، ان کے والد کا انتقال چند ہفتے قبل ہوا تھا۔
ری میسٹیریو سینئر، جن کا اصل نام میگوئل اینجل لوپیز ڈیاس تھا، نے 1976 میں اپنے ریسلنگ کیریئر کا آغاز کیا اور پرو ریسلنگ ریویلیوشن، تیجوانا ریسلنگ، اور ورلڈ ریسلنگ ایسوسی ایشن (ڈبلیو ڈبلیو اے) جیسے مختلف پروموشنز میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ ڈبلیو ڈبلیو اے ورلڈ جونیئر لائٹ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ سمیت کئی اہم ٹائٹلز کے فاتح تھے اور انہوں نے اپنے بھتیجے رے میسٹیریو جونیئر کے ساتھ ڈبلیو ڈبلیو اے ٹیگ ٹیم چیمپیئن شپ بھی جیتی۔
ری میسٹیریو سینئر کو میکسیکو کی کشتی کی دنیا میں ایک آئیکونک شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔ وہ نہ صرف خود ایک کامیاب ریسلر رہے بلکہ کئی دیگر ریسلرز، بشمول ان کے بھتیجے اور تین بار کے ورلڈ چیمپئن رے میسٹیریو جونیئر، کی تربیت بھی کی۔
50 سالہ شاندار کیریئر کے دوران، رے میسٹیریو سینئر نے اپنی مہارت اور کامیابیوں سے ریسلنگ کی دنیا پر گہرے نقوش چھوڑے۔ ان کا خاندان، جس میں ان کے پوتے ڈومینک اور پوتی عالیہ شامل ہیں، آج بھی ڈبلیو ڈبلیو ای میں ریسلنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔