کیلیفورنیا:انسٹنٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے کال کے دوران سکرین شیئرنگ میں آیڈیو اور ویڈیو شیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹ بتانے والے ٹریکر ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ ایسے فیچر پر کام کر رہا ہے جو آئی او ایس (iOS) کے بعد اب اینڈرائیڈ (android) پر بھی کال کے دوران آیڈیو اور ویڈیو شیئر کرنے کی اجازت دےگا جس سے صارفین ایک ساتھ کوئی بھی آیڈیو سن سکیں گے یا پھر کوئی ویڈیو ساتھ بیٹھ کے دیکھ سکیں گے۔
ویب بیٹا انفو کے مطابق ویڈیو اور میوزک آڈیو کو ایک ساتھ سننا مبینہ طور پر صرف اس وقت کام کرے گا جب ویڈیو کال کے دوران اسکرین شیئرنگ فعال ہو ، صرف آڈیو کال میں یہ فیچر کام نہیں کرے گا۔
فیچر ٹریکر ویب بیٹا انفو کے ذریعے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق، میٹا کی ملکیت والا مقبول میسجنگ پلیٹ فارم اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر ایک ہی ویڈیو اور میوزک آڈیو شیئرنگ فیچر تیار کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو جلد ہی تمام صارفین کیلئے رول آؤٹ کر دیا جائے گا، تاہم واٹس ایپ نے نئے فیچر کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
یہ بات قابل غور ہے کہ واٹس ایپ پر ویڈیو اور میوزک آڈیو شیئر کرنے کا فیچر صرف آڈیو والی واٹس ایپ کال پر کام نہیں کرے گا، فیچر ٹریکر کے ذریعے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق یہاں تک کہ اس فیچر کو وہ ویڈیو کالز بھی سپورٹ نہیں کریں گی جہاں سکرین شیئرنگ بند ہو گی۔
ویب بیٹا انفو کی جانب سے اس بات کی تفصیل نہیں بتائی گئی کہ آیا واٹس ایپ پر ویڈیو اور میوزک آڈیو شیئرنگ کا فیچر تمام میوزک اور ویڈیو ایپس کے ساتھ کام کرے گا یا نہیں۔ اس بات کا تو تب ہی معلوم ہو گا جب اسے مستقبل میں صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔