تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

01:13 PM, 22 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی۔

قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ آج ہی درخواست پر سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل نیاز اللہ نیازی نے عدالت کو بتایاکہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیے جارہے، پی ٹی آئی نے درخواست جمع کرائی ہے۔

 
وکیل نیازاللہ نیازی کے مؤقف پر قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق نے کہا کہ رجسٹرار آفس ابھی آپ کی درخواست کو مقرر کردیتا ہے۔

پی ٹی آئی وکیل نیاز اللہ نیازی نے مزید کہا کہ عمیر نیازی عدالت میں موجود ہیں، ان کے والد کےکاغذات نامزدگی پھاڑے گئے، اب تک بلے کا نشان الاٹ کرنے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں سنایا۔

 
جسٹس طارق نے سوال کیا کہ اگرآپ کا امیدوار اشتہاری ہو توکیسے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتا ہے؟ آپ کے اپنے بندے کہہ رہے ہیں کہ انٹرا پارٹی الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے؟ اس پر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بھی آ گاہ کردیا ہے، ہماری درخواست سماعت کیلئے مقررکی جائے، ملک میں جنگل کا قانون ہے جوکچھ ہورہا ہے کیسے عدالت کو بتاؤں۔

وکیل کے مؤقف پر چیف جسٹس نے کہا کہ آج ہی درخواست سماعت کیلئے مقررہوگی۔

مزیدخبریں