اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو روز کی توسیع کر دی۔
الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کردیا۔ نظر ثانیشیڈول کے مطابق قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 24 دسمبر (اتوار) تک کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کراسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست بھی 24 دسمبر تک دے سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ فروری 2024ء میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نظر ثانی شیڈول کے مطابقپیر (25 دسمبر ) سے شروع ہونے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال رواں ماہ کی 30 تاریخ تک جاری رہے گی۔
کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جا سکتی ہیں جن کا فیصلہ 10 جنوری تک کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کرے گا، امیدوار 12 جنوری تک کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔
انتخابی نشانات 13 جنوری کو الاٹ کیے جائیں گے اور عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغزات نامزدگی جمع کرانے کا عمل تین روز سے جاری ہے۔ اس دوران نامور سیاستدانوں سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور آزاد امیدوارں کی بڑی تعداد کاغذات نامزدگی حاصل کر چکی ہے اور ان میں سے کئی نے جمع بھی کرا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جن سیاستدانوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے ان میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، شیخ رشید، چوہدری نثار علی خان، خورشید شاہ، آفتاب شیر پاؤ سمیت کئی دیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) اور ججمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے مطالبات کیے گئے تھے۔ جن کو منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں دو روز کی توسیع کر دی ہے۔