اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے حکمران عوام کے خوف سے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔امید ہے فوج نیوٹرل ہی رہے گی،اسٹیبلشمنٹ نہیں عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران جمہوریت کے بنیادی اصول پامال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ کھلم کھلا آئین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمران عمران خان اور عوام سے حوفزدہ ہیں اور یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں۔ موجودہ حکومت وفاق میں بلدیاتی انتخابات میں حلقہ بندیاں بڑھا کر الیکشن ملتوی کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور پنجاب میں بھی اسمبلی کی تحلیل کو روکنے کے لیے کے گئے اقدامات بدنیتی پر مبنی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنا اقتدار بچانے کے لیے آخری حربے استعمال کر رہے ہیں جس میں انھیں ناکامی ہو گی۔ پہلے یہ حکومت کراچی اور پشاور میں انتخابات سے بھاگے اور اب یہ اسلام آباد سے بھاگ رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں امن و عامہ کی صورتحال بہت خطرناک ہے اور اس رجیم چینج آپریشن نے پاکستان کو گذشتہ آٹھ ماہ میں بہت نقصان پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ پنجاب میں اسمبلی تحلیل روکنے اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات روکنے کا معاملہ عدالت میں جاتا دکھائی دیتا ہے۔ فوجی قیادت کہہ چکی ہے کہ فوج کا ادارہ ملکی سیاست میں مداخلت نہیں کرے گا اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی بات پر قائم رہیں گے۔ ہم صرف عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں ہم نہ کسی قوت نہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے دیکھ رہے ہیں۔