پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کے کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کردیا ۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ گراؤنڈ تقریباً ایک ارب روپے لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، ا سٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات دستیاب ہوں گی، صوبہ بھر میں گراؤنڈز موجود ہیں پرانے اسپورٹس کمپلیکس کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے،نوجوانوں کو سہولتیں دے رہے ہیں، حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں بننے والے کرکٹ گراؤنڈ میں پی سی بی اور صوبائی محکمہ کھیل کے تعاون سے بین الاقوامی میچز منعقد کیے جائیں گے، ارباب نیاز اسٹیڈیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم جون 2023 تک مکمل ہو جائےگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 5 ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کابھی افتتاح کیا ، اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ ایل آر ایچ میں مجموعی طور پر 25 آپریشن تھیٹرز پر کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جدید سہولتوں سے آراستہ بینک آف خیبر کے ہیڈ کوارٹر ٹاور کا افتتاح بھی کیا ، وزیراعلیٰ محمود خان کے مطابق منصوبہ 1.29 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ محمود خان کاخیبر کالج آف ڈینٹسٹری میں نئے بلاک اور دیگر سہولتوں کا بھی افتتاح کیا ۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ وفاق خیبرپختونخوا حکومت کو فنڈز فراہم نہیں کررہا،جب تک ترقیاتی فنڈز نہیں ملیں گے ترقی کیسے ہوگی؟ پیسےنہیں ہونگے تو پولیس کیلئے اسلحہ کیسے خریدیں گے؟ انہوں نے کہا کچھ مسخرے ٹی وی پر بیٹھ کر ہم پر تنقید شروع کردیتے ہیں، فنڈز نہ دینے پر وفاق کے خلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں۔