لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ پر عائد الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے منفی ہیڈ لائنز بننے پر بہت مایوسی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اس معاملے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تاحال معاملے کی نوعیت کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں اور اس طرح کی خبریں پاکستان کرکٹ کیلئے اچھی نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ یاسر شاہ کے دوست فرحان پر 14 سالہ لڑکی کیساتھ زیادتی کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے جبکہ یاسر شاہ پر اس سارے معالے میں معاونت کا الزام عائد کیا گیا ہے تاہم خود کرکٹر کی جانب سے فی الحال اس بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ ایک سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی پر کچھ الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں جس کے بعد ہی کوئی تبصرہ کیا جائے گا۔