نائیجیریا: فضائی حملے میں شدت پسند تنظیم کے 100 سے زائد جنگجو ہلاک

10:16 AM, 22 Dec, 2021

أبوجا:  نائجیریا کی فوج کے فضائی حملوں میں شدت پسند تنظیم'اسلامک اسٹیٹ ان ویسٹ افریقا' ( آئی ایس ڈبلیو اے پی) کے 100 سے زائد  جنگجو مارے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیرین فوج کے لڑاکا طیاروں نے پیر کے روز نائیجیریا کے شمال مشرق میں اسلامک اسٹیٹ ویسٹ افریقاکے تین کیمپوں پر بمباری کی، جس میں شدت پسند تنظیم کے کئی سینئر کمانڈروں سمیت 100 سے زائد جنگجو مارے گئے۔

خیال رہے کہ رواں سال  مئی میں  داعش کی اتحادی تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ ان ویسٹ افریقا'اور بوکو حرام کے درمیان ہونے والی لڑائی میں  بوکو حرام کے رہنما کی  ہلاکت کے بعد سے  آئی ایس ڈبلیو اے پی اپنی طاقت کو مزید مستحکم کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ  اسلامک اسٹیٹ ان ویسٹ افریقا نے نائیجیریا میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام سے ہی جنم لیا ہے اور اس کے بعد سے نائجیریا  میں  غالب  ہے، جو 2009   میں حالات کشیدہ ہونے کے بعد سے اب تک  نائیجیرین فوج کو نشانہ بناتی آئی ہے، اب تک 40,000 سے زائد افراد کو ہلاک کر چکی ہے۔

نائیجیرین فوج  کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے  شمال مشرق میں واقع ضلع مارٹے میں سرجیکل فضائی حملوں کے دوران 100 دہشت گرد مارے گئے۔ مزید کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے بعد تین مقامات پر بڑی تعداد میں دہشت گردوں کی موجودگی کا پتہ لگانے کے بعد فضائی حملے مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے۔

مزیدخبریں