اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا شیرانی اعتراف کر چکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن خود سلیکٹڈ ہیں۔اپوزیشن نہیں چاہتی کہ حکومت کامیاب ہو۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نےمیڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر کے باعث کابینہ میٹنگ معمول سے مختلف تھی۔ اکثر وزراء نے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں والے علاقوں میں کرونا کیسز کی شرح بہت زیادہ ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت ورثے میں ملنے والے گھمبیر مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔سستی بجلی کی فراہمی کیلئے گردشی قرضوں کے معاملے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ای سی ایل سے متعلق ترمیم حتمی منظوری کے لیے کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔مولانا شیرانی اعتراف کرچکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان خود سلیکٹڈ ہیں۔پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے اندرونی اختلافات سامنے آرہے ہیں ۔پی ڈی ایم کی تحریک میں صرف مایوسی اور شکست نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے قول و فعل میں تضاد کے باعث بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے۔ پی ڈی ایم اپنے قول و فعل میں تضاد کے باعث بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے،پی ڈی ایم کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے، کسی بھی تحریک کے قائد کی سیاسی ساکھ بہت اہم ہوتی ہے۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوچکی ہے ۔