لندن: پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانا بھارتی ٹی وی چینل کو مہنگا پڑ گیا۔ پاکستانیوں کے خلاف نفرت انگیز باتیں کرنے پر برطانیہ میں بھارتی ٹی وی چینل کو بیس ہزار پاونڈ جرمانہ کر دیا۔ یہ جرمانہ برطانیہ کے ٹی وی چینلز اور ریڈیو کے نگران ادارے آف کام کی جانب سے بھارتی ٹی وی چینل کو کیا گیا۔
بھارتی چینل ری پبلک ٹی وی میں میزبان ارنب گوسوامی جو ہمیشہ پاکستان اور اس کے شہریوں کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں اب بھی اپنے ایک پروگرام میں پاکستانیوں کو چور ، بھکاری اور دیگر بُرے القابات سے پکارا۔
آف کام نے بتایا کہ پروگرام کے دوران اینکر کی جانب سے پاکستانیوں کے خلاف جذبات کو ابھارا گیا اور ایسے پروگرام پاکستانیوں کے شہریوں کی جان کا خطرہ بن سکتے ہیں۔ ارنب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں صحافتی اقدار کی دھجیاں بکھیر دیں جبکہ اس طرح کے پروگرام پاکستانی اور بھارتی کمیونٹیز کے تعلقات میں رخنہ ڈال سکتے ہیں۔
ادارے کی طرف سے جرمانے کی سزا کے بعد بھارتی ٹی وی چینل نے آف کام کو یقین دہانی کروا دی کہ آئندہ برطانیہ میں ایسا پروگرام نشر نہیں ہو گا جو مقامی قوانین سے مطابقت نہ رکھتا ہو۔