نیپئر: ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق کہتے ہیں کہ آج کی جیت ہمارے لیے بہت ضروری تھی۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل اس جیت نے ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے۔
ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور فخر زمان کی عدم موجودگی میں ہمارے پاس اوپننگ کی آپشن محدود تھی۔ انہوں نے کہا کہ محمد رضوان کا فارم میں آنا ٹیسٹ سیریز سے قبل خوش آئند ہے۔ محمد رضوان سے ہمیں ایک اچھی اننگز درکار تھی اور آج انہوں نے اچھی اننگز کھیلی۔
محمد حفیظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ان کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ ان کی جیسی فارم لگی ہوئی ہے یہی پاکستان کیلئے اتنی ہی مفید ہے۔ انہوں نے حفیظ کے حوالے سے مزید کہا کہ حفیظ اپنے کھیل میں بہت تبدیلی لائے ہیں۔
ٹیم سلیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ عبداللہ شفیق، حیدر علی اور خوشدل شاہ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسی وجہ سے انہی ٹیم میں موقع دیا۔ اب انہیں تھوڑا وقت دینا ہو گا یہی لڑکے پاکستان کا مستقبل ہیں۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں اچھے بیٹسمین موجود تھے، اس لیے افتخار احمد اور حسین طلعت کو پہلے دو میچز میں موقع نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دونوں میچز میں دو اسپنرز کے ساتھ نہیں بلکہ بیٹنگ آل راؤنڈر کے ساتھ میدان میں اترے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ 26 تا 30 دسمبر کھیلا جائیگا، اور دوسرا ٹیسٹ تین جنوری تا سات جنوری کھیلا جائیگا۔