حکومت کے پاس سوا دو سال ہیں اور ہمیں اپنی کارکردگی دکھانا ہو گی، وزیراعظم

05:01 PM, 22 Dec, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا اگر وزارتیں پرفارم نہیں کریں گی تو بہتر گورننس نہیں دے سکتیں کیونکہ اب حکومت کے پاس سوا دو سال ہیں اور ہمیں اپنی کارکردگی دکھانا ہو گی۔ 

وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کو اہداف سونپنے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اب ہمارے پاس کوئی عذر نہیں کہ ہم سیکھی رہے ہیں اور ہمارے لئے پرفارمنس کا وقت آ گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 25 جولائی کو الیکشن ختم ہونے کے بعد اتحادی حکومت بنانا تھی اور اسے بنانے تک ہمیں اگست کا مہینہ بھی لگا گیا تھا کیونکہ پہلے ہماری کوشش تھی کہ حکومت بنانے کے لئے اپنے نمبرز پورے کریں۔

خطاب کے دوران وزیراعظم نے نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی مثال دیتے ہوئے کہا انھیں اپنی ٹیم سلیکٹ کرنے کے لئے دو ماہ سے زائد ملے ہیں۔ انہوں نے کہا 18ویں ترامیم کے تحت وفاق اور صوبوں میں کچھ مسائل ابھی حل طلب ہیں۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد آٹا کسی کو نہیں ملتا تو ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈال دی جاتی ہے اور ہمیں اپنے سسٹم کا جائزہ لینا ہے جبکہ کئی چیزیں ہم آہستہ آہستہ سیکھتے جا رہے ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے مسقبل کے اہداف کے بارے میں بتاتے ہوئے کہ ہم ترقیاتی منصوبے جلد سے جلد مکمل کرنے ہیں اور پنشن کے نظام کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں اور ہماری معیشت اب بہتر ہو رہی ہے تاہم ایکسپورٹ بڑھانے تک مشکلات سے نہیں نکل سکتے۔ 

انہوں نے خطاب کے دوران کہا حکومت کا پہلا چیلنج پاور سیکٹر ہے اور کئی دفعہ مجھے اس وجہ سے رات کو نیند نہیں آتی کیونکہ ابھی اس سیکٹر میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاور سیکٹر میں کئی فیکٹر ہمارے کنڑول میں ہیں اور کچھ نہیں ہیں۔ حکومت کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہو گی کیونکہ پانچ سال کے بعد عوام فیصلہ کریں گے کہ حکومت کی کارکردگی کیسی رہی ہے۔ 

مزیدخبریں