وزیراعظم ملک لوٹنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے، فردوس عاشق اعوان

01:48 PM, 22 Dec, 2020

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کے جان مال کا تحفظ یقینی بنانا عزم ہے۔ وزیراعظم ملک لوٹنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کھانے پینے کی معیاری اشیا کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلسازوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف جہاد کا عزم کیا ہے۔ حکومتی اقدامات کا مقصد انسانی جانوں کو ملاوٹ مافیا سے محفوظ بنانا ہے۔ قانون کی عملداری یقینی بنانا حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ غیرمعیاری اور ملاوٹ زدہ اشیا فروخت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کے ڈنڈے کو گراں فروشی آرڈیننس 2020ء کا نام دیا ہے۔ ملاوٹ سے بچنے کیلئے ملک ٹیسٹنگ عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔ 71 ہزار 402 دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی ہے۔

انہوں نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی کرسی پر آنے کا آئینی اور قانونی راستہ موجود ہے۔ عمران خان کہیں نہیں جا رہے ہیں اور نہ حکومت، اپوزیشن کے جلسوں سے عالمی وبا پھیل رہی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے چہروں سے مایوسی نظر آ رہی تھی۔ دن میں خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان میرا بھائی ہے، اسے 7 خون معاف ہیں۔ اس کے جذبات سے آگاہ ہوں، اس پر بات نہیں کروں گی۔

فردو س عاشق اعوان نے کہا کہ ایک خاندان کی اجارہ داری پولٹری کے کاروبار پر بھی رہی ہے۔ برائلر مرغیوں کے آنے سے پہلے حمزہ کی ٹیم مرغیوں کی قیمت طے کرتی تھی۔

مزیدخبریں