شہزاد اکبر کی سپین میں جائیدادیں ہیں، لیگی رہنما عطا تارڑ کا الزام

01:39 PM, 22 Dec, 2020

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی سپین میں جائیدادیں ہیں۔ چیئرمین نیب کی عینک میں صرف لیگی رہنما نظر آتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ چینی سکینڈل میں ڈاکا ڈالا گیا، جہانگیر ترین آزاد گھوم رہے ہیں۔ دوسری جانب ہمارے خلاف اربوں روپے سے شروع ہونے والے الزامات اب گندے نالے پر آ گئے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال پر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ غریبوں کی جھونپڑیاں گرا کر 300 کنال کا محل ریگولرائزڈ کرایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ ریگولرائزڈ کرائی، کیا یہ غیرقانونی کام نہیں ہے؟ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو صرف اپنے گھر کی فکر ہے۔

دوران گفتگو انہوں نے مشیر داخلہ پر تنقید کی اور کہا کہ بڑے دن ہو گئے شہزاد اکبر ''ٹی ٹی'' کرتے نظر نہیں آئے۔ عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی سپین میں جائیدادیں ہیں۔ وہ اب اس لیے نظر نہیں آئے کیونکہ کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے ایف آئی اے نے 7 منٹ 23 سیکنڈ تفتیش کی۔ بکتر بند گاڑی کی وجہ سے شہباز شریف کو کمر کی تکلیف ہوئی۔ شہباز شریف نے احتجاجاً طبی معائنے سے انکار کیا۔ شہباز شریف کے حوصلے بلند ہیں، آپ سو بار میڈیکل ٹیسٹ روکیں۔ اب شہباز شریف کا طبی معائنہ، علاج عدالتی حکم پر ہو گا۔ وہ حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جس نے ملک کو ترقی دی اسے بغض کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ماسٹر پلان نہیں بنایا گیا، موصوف کی اراضی ریگولرائز کی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ باجی فردوس سیاست کیلئے عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ سیاست کیلئے پنچ اور ڈولوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ کہاں آپ کہاں اور کہاں مریم نواز، کیا پدی کیا پدی کا شوربہ۔ صحت اور بیماری پر سیاست کرنا بڑی گندی سیاست ہے۔

مزیدخبریں