نیپئر: قومی ٹیم کے قائم مقام شاداب خان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان ٹی ٹونٹی سیریز دو صفر سے ہار چکا ہے، آج آخری میچ کھیلا جا رہا ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے نوجوان پلیئرز یقیناً سیکھ رہے ہیں۔ کنڈیشن مختلف ہے، بہت سے پلیئر یہاں پہلی مرتبہ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں محمد حفیظ کی بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹںگ شاندار تھی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ہم پہلے بیٹنگ کر رہے ہیں، امید ہے کہ پاکستانی ٹیم کو اچھا ٹارگٹ دیں گے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس سے قبل تین میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو دو صفر سے شکست دے چکی ہے۔ اس آخری ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ٹیم کیلئے پاکستان کو کلین سوئپ کرنے کا موقع ہے۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف پہلا ٹی ٹونٹی پانچ جبکہ دوسرا میچ صرف ایک وکٹ سے جیتا تھا۔ میزبان ٹیم کیخلاف پاکستانی سکوڈ کی قیادت ناتجربہ کار شاداب خان کے سپرد کی گئی ہے جن کی ناتجربہ کاری دونوں میچوں میں نظر آئی۔ کرکٹ تجزیہ کاروں نے مینجمنٹ کے اس فیصلے پر سخت تنقید کی ہے۔