میاں جاوید کی ہتھکڑی لگی میت کی تصویر وائرل ہونے کے بعد فواد چودھری کا ردعمل بھی آگیا

12:14 PM, 22 Dec, 2018

اسلام آباد:سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سی ای او کی ہتھکڑی لگی میت کی تصویر وائرل ہونے کے بعد وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے بھی انٹری دیتے ہوئے طنزیہ جملوں کا سہارا لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے میاں جاوید کی میت کی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ’اگر آپ غریب اور متوسط ہیں تو موت کے بعد روح کو مقید رکھنے کیلئے ہتھکڑی لگی لاش ہی کو نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا“۔

دوسرے ٹوئٹ میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ”اگر آپ طاقتور اور میر ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں آپ کے وزراءکالونی میں شاندار بنگلے کو جیل قرار دیا جائے گا،آپ بنگلے کے سامنے گرین بیلٹ کو سکیورٹی کے نام پر بنگلے میں شامل کرنے کی سہولت سے بھی استفادہ کریں اور حکومت کا آڈٹ بھی کریں۔

خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف بھی جیل کے قیدی ہیں اور وہ پبلک کاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوچکے ہیں جبکہ راﺅ انوار بھی قتل کے الزام کے بعد آزادی کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے نیب کی زیر حراست میاں جاوید دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے اور ان کی ہتھکڑی لگی میت کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس کو عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں