ریاض: خیبر کے اسپتال میں 3 سال تک بطور قید زیر علاج رہنے والے جنید خان کو بالاخر رہائی نصیب ہو گئی۔ جنید خان نے اسپتال میں بطور قیدی 3 سال گزارے ہیں۔ رہائی 6 لاکھ ریال کی دیت کے دینے پر ممکن ہوئی جسے سعودی حکومت نے ادا کیا ہے۔
مردان سے تعلق رکھنے والے جنید خان کی گاڑی کی ٹکر سے 3 سال قبل 2 ہندوستانی اور ایک پاکستانی جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ اسی سڑک حادثے کے دوران جنید خان بھی بُری طرح زخمی ہوا اور معذور ہو کر اسپتال پہنچ گیا تھا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی کے لواحقین کی جانب سے جنید کو معاف کر دیا گیا تاہم دونوں ہندوستانیوں کے لواحقین نے معاف کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد جنید نے 6 لاکھ ریال نہ ہونے کے سبب خیبر کے اسپتال میں 3 سال بطور قیدی گزارے جہاں اس کا علاج بھی ہوتا رہا۔
پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جنید کی رہائی کے لئے رقم اکٹھی کی جاتی رہی تاہم سعودی گورنمنٹ نے انسانی جذبے کے تحت 6 لاکھ ریال دیت دیکر جیند کو پاکستان جانے کی اجازت دیدی۔
سعودی حکومت کے اس اقدام کے بارے میں سُن کر جنید خوشی سے کھل اٹھا وہیں پر خیبر اسپتال انتظامیہ نے بھی جنید کی رہائی کی خوشی میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں جنید کو مختلف تحائف سے بھی نوازا گیا۔ جنید خان گزشتہ روز پاکستان پہنچ گئے ہیں۔