تیسری قوت کا مقصد اقتدار نہیں ٗ (ن) لیگ بلیم گیم بند کرے : قمر زمان کائرہ

05:27 PM, 22 Dec, 2017


لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تیسری قوت نے واضح کردیا اقتداران کا مقصد نہیں‘ (ن)لیگ بلیم گیم چھوڑ دے شہبازشریف بضد ہیں تو عدلیہ اور نیب حدیبیہ کیس کھول دیں‘ پہلے مریم نواز اور اب میاں شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کے شوشے حکمران جماعت کی حکمت عملی کا حصہ ہیں، محمود اچکزئی قوم پرست اورنوازشریف پنجاب کی سیاست کرتے ہیں اس لئے دونوں کے نظریات ملتے ہیں، طاہر القادری کے جوتے سیدھے کرنیوالے ، انہیں کندھے پربٹھاکر غار حرا میں لیجانے والے آج ان کیخلاف ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 14قتل اور80زخمیوں کو انصاف ملنا چاہئے، یہ ریاستی دہشت گردی اور حکمران وقت اس میں ملوث تھے۔


پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو پی نیازی نے ملکی حالات کی بہتری کیلئے پیپلز پارٹی کیساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں ہم اپنی مرکزی قیادت کو ان کی خواہش سے آگاہ کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے وزیراعظم مریم نواز کے نعرے لگوائے گئے اب میاں شہبازشریف کے نعرے لگوائے جارہے ہیں، نااہل وزیراعظم میاں نوازشریف ایسی وقتی گیم کھیلتے ہیں لیکن واضح ہوجائیگا کہ اس کے پیچھے کیا مصلحت ہے؟۔


انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن میں 14معصوم افراد کو قتل کیاگیا ، اسی سے زائد زخمی کئے گئے ان کوانصاف ملنا چاہئے،مسلم لیگ (ن)گر د اڑا رہی ہے تاکہ اس میں یہ معاملہ دب جائے لیکن ایسا ہوگا نہیں، ہم اس معاملے پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہاکہ کسی بھی سیاسی این آر او سے متعلق کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے ، عدالتی فیصلوں پر ہمارے تحفظات ہیں، ہم جمہوریت کوخطرے میں نہیں پڑنے دیں گے۔

مزیدخبریں