سال کی بہترین ویمنز کرکٹر کا ایوارڈ ایلس پیری کے نام

09:13 AM, 22 Dec, 2017

دبئی: آسٹریلین آل راؤنڈر ایلس پیری نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ویمنز کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ اپنے نام کر لیا جبکہ ایمی سیٹرتھویٹ ون ڈے اور بیتھ مونی ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر قرار پائیں۔ رواں برس جنوری میں سابق انگلش کپتان ریکائل فلنٹ کے انتقال کے بعد آئی سی سی نے سالانہ ایوارڈ کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ 14 ماہ کے دوران عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایلس پیری کو آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 905 رنز بنائے اور 22 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی ایمی سیٹرتھویٹ اور بھارت کی ہرمن پریت کور کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ کی ایمی سیٹرتھویٹ ون ڈے اور آسٹریلیا کی بیتھ مونی ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈز کی حقدار ٹھہریں۔

ایلس پیری نے اپنے بیان میں کہا کہ ریکائل فلنٹ ایوارڈ جیتنا میرے لیے باعث فخر لمحہ ہے اور میں مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ایوارڈز جیتنے کی کوشش کروں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر آئی سی سی نے سال کی بہترین ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ویمنز ٹیموں کا اعلان کر دیا جس میں پاکستان کی کوئی بھی کھلاڑی دونوں ٹیموں میں جگہ نہ بنا سکی۔

آئی سی سی کی اعلان کردہ ٹیم میں انگلینڈ کی ہیتھرنائٹ کو ون ڈے اور ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا جبکہ بھارتی اسپنر اکتا بشت واحد کھلاڑی ہیں جو دونوں ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

ویمنز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں کپتان ہیتھرنائٹ، ٹامی بیوماؤنٹ، میگ لیننگ، متھالی راج، ایمی سیٹرتھویٹ، علیزے پیری، سیرا ٹیلر، ڈین وان نائیکرک، مریزن کیپ، اکتا بشت اور ایلکس ہارٹلے شامل ہیں۔

سال کی بہترین ویمنز ٹی ٹونٹی ٹیم کپتان سٹیفنی ٹیلر، بیتھ مونی، ڈینی وائٹ، ہرمنپریت کوہر، سوفی ڈیوائن، دیندرا ڈوٹن، ہیلے ولیمز، میگن سکٹ، آماندا جیڈ ویلنگٹن، لی تاہو ہو اور اکشتا بشت پر مشتمل ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں