منفی سیاست کرنے والوں کو اپنی پے در پے ناکامیوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے:وزیر اعلی پنجاب

09:49 PM, 22 Dec, 2016

لاہور: وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں منتخب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے میئرز، ڈپٹی میئرز، ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں شاندار فتح حاصل کی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار جیت عوام کا پارٹی قیادت پر اظہار اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں خدمت، امانت ، دیانت اور شفافیت کی سیاست کو جیت ملی ہے ۔ عوام نے بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے میں الزام تراشی، جھوٹ اور منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کیا ہے۔ منفی سیاست کرنے والوں کو اپنی پے در پے ناکامیوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ ملکی ترقی کے پروگرام میں روڑے اٹکانے والے یہ عناصر اپنے مذموم عزائم میں پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا موثر نظام ہے اورآج بلدیاتی انتخابی عمل کی تکمیل ہوئی ہے اب اس نظام سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے قیام سے ترقی کا عمل مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔ اب منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت میں جت جائیں اور ان کے مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی نمائندے اپنی تمام تر توانائیوں بروئے کار لائیں اور عوام نے بلدیاتی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا انہیں اس پر ہر صورت پورا اترنا ہے۔

مزیدخبریں