ممبئی: بالی ووڈ فلم میں سیٹ پر اداکارہ کے ساتھ جنسی تشدد کی خبریں آنے کے بعد اداکارہ ریکھا کے ماضی کا ایک ناخوشگوار واقعہ بھی انٹرنیٹ پر ایک بار پھر مقبول ہونے لگا ہے۔ یہ واقعہ بالی ووڈ اداکارہ ریکھا کی سوانح عمری میں موجود ہے جو یاسر عثمان کی تحریر ہے اور اسی کتاب کا یہ حصہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ 1969 میں اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ کے دوران ریکھا کے ساتھ جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ صرف 15 سال کی تھیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس بھیانک واقعے کی یادیں برسوں تک ان کے دماغ پر چھائی رہیں۔فلم انجانا سفر میں ریکھا کے ساتھی اداکار بسواجیت چیٹرجی نے شوٹنگ کے دوران مسلسل پانچ منٹ تک ان کا زبردستی بوسہ لیا جب کہ سیٹ پر موجود ڈائریکٹر سمیت تمام عملہ اس سارے منظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے قہقہے لگاتا رہا اور تالیاں بجاتا رہا۔ریکھا کا کہنا ہے کہ اس پورے واقعے میں ان کی ایک نہ چلی اور مجبور ہوکر انہوں نے آنکھیں بند کرلیں مگر حادثے نے ان کے اعصاب اس قدر شل کردیئے تھے کہ وہ کئی دنوں تک اس صدمے سے باہر نہیں نکل سکیں۔واضح رہے کہ ریکھا پہلی فلم انجانا سفر کو بھارتی سینسر بورڈ نے ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی تھی البتہ دس سال بعد 1979 میں یہی فلم ”دو شکاری“ کے نام سے ریلیز کردی گئی تھی۔