دماغ کو پرسکون اور خود اعتماد بنانے والی سانس کی مشق

لندن: دنیا بھر میں کئی کامیاب ترین افراد صبح اٹھتے ہوئے ایک اہم ورزش کرتے ہیں جو آپ بھی باآسانی اپنا کر اپنی صلاحیتوں کو بڑھا سکتے ہیں اور اس کام میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں۔

05:45 PM, 22 Dec, 2016

لندن: دنیا بھر میں کئی کامیاب ترین افراد صبح اٹھتے ہوئے ایک اہم ورزش کرتے ہیں جو آپ بھی باآسانی اپنا کر اپنی صلاحیتوں کو بڑھا سکتے ہیں اور اس کام میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں۔  

کامیابی کے گر بتانے والے ماہر کیرول گیسکل اور دیگر کوچ کا کہنا ہےکہ صبح اٹھ کر صرف 3 منٹ تک سانس کی ورزش کی جائے تو اس سے پورا دن بہت تازہ دم، کامیاب اور بہترین نتائج کے ساتھ گزرتا ہے۔ دنیا کے امیر اور کامیاب ترین افراد اس ورزش کو اپنا کر اپنی صلاحیت بڑھا سکتے ہیں۔

کیرول کے مطابق گہرے سانس لینے کی مشق کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہےکہ دماغ کو کونے کونے تک آکسیجن پہنچتا ہے، اس سے ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے، معاملات پر ارتکاز بڑھتا ہے اور تخلیقی صلاحیتیں ابھر کر آتی ہیں، دماغی سطح پر معلومات جذب کرنےاور یاد رکھنے میں بھی مدد ملتی ہیں تاہم اس پر مہارت حاصل کرنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔

سانس لینے کا طریقہ: خواہ آنکھیں کھلی رکھیں یا بند، اپنے ناک سے  بھرپور انداز میں سانس لیتے ہوئے تصور کریں کہ توانائی آپ کے سینے سے ہوتی ہوئی پیٹ کی جانب جارہی ہے۔ اس کے بعد بہت آہستہ آہستہ اور دھیرے سے سانس باہر نکالیں، ساتھ میں تصور کریں کہ منفی جذبات اور آپ کو پیچھے رکھنے والی ہر شے بھی باہر آرہی ہے۔

اس کی مشق کرتے رہیں اور مہارت کے بعد پورا دن آپ کا دماغ، دل اور دیگر اعضا ایک مفید توانائی کے بہاؤ سے جڑے رہیں گے۔ اس سے فیصلہ کرنے، دماغی سکون، بہتر کارکردگی اور خود اعتمادی پیدا ہوگی جسے نوٹ کرکے آپ خود حیران رہ جائیں گے۔ اسے جدید زبان میں ’’مائنڈ فل بریدنگ‘‘ کا نام بھی دیا گیا ہے۔ اس سے دماغی آوارگی کم ہوتی ہے اور انسان یکسو ہوکر بہترین نتائج حاصل کرسکتا ہے۔

مائنڈ فل انداز میں سانس لینے سے دماغ میں معلومات جذب کرنے اور اسے پروسیس کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ اس سے انسان کی کارکردگی میں بہت بہتری واقع ہوگی۔ لیکن سانس کے عمل میں اس کا پورا شعور رکھیں کہ آیا سانس آنے اور جانے کا عمل بہترین ہے، کیا توانائی کے بہاؤ کو آپ کس طرح محسوس کررہے ہیں وغیرہ۔

اگر مشق میں کامیابی ملتی ہے تو سانس لینے کے عمل سے پوری طرح خبردار رہتے ہوئے سانس اندر جانے اور باہر نکالنے کا وقت بھی نوٹ کریں۔ جسم میں ہونے والے احساس کو بھی نوٹ کریں، مزید یہ بھی نوٹ کریں کہ کہیں دباؤ یا تناؤ تونہیں؟ اب سانس جو جسم کے تناؤ والے حصوں میں لے جائیں اور وہاں توانائی بھیج کر دیکھیں کہ اب کیا محسوس ہوتا ہے۔ اسی طرح مشق کرتے ہوئے اس سے فائدہ اٹھائیں اور جلد آپ کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزیدخبریں