قاہرہ :مصر میں ایک خاتون ماہر آثار قدیمہ کو فراعنہ کے دور سے تعلق رکھنے والا تین ہزار سال قدیم ایک پتھر ملا ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اس خاتون کو مصر کے شمالی شہر المحلہ میں گھومنے پھرنے کے دوران ایک قصاب کی دکان سے سے یہ پتھر ملا ہے جہاں اس پر گوشت کاٹا جارہا تھا۔
یہ قدیم مصر کی تیسویں سلطنت کے دور سے تعلق رکھتا ہے۔مصرکی سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر اس پتھر کی اطلاع دی گئی تھی اور انھوں نے اس کو المحلہ کے ایک عہدے دار طامر ابوالنجا کی ہدایت پر اس پتھر کو مصر زیریں میں واقع بہبیت الحجر کے عجائب گھر میں منتقل کردیا گیا ہے۔
اس تاریخی عجائب گھر میں قدیم مصری دیوی عیسیس کا مندر بھی ہے۔یہ پتھر سمنود شہر میں موجود رہا تھا اور یہ شہر فراعنہ کی تیسویں سلطنت کے زمانے میں مصر کا دارالحکومت تھا۔اس تاریخی پتھر کے جائزے کے لیے حکام نے ماہرین آثار قدیمہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔